ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : پروین کمار قتل کے 3 کلیدی ملزمین گرفتار - کرناٹکا میں یوگی ماڈل کی شروعات - ملزمین کی جائدادیں ہونگی ضبط

منگلورو : پروین کمار قتل کے 3 کلیدی ملزمین گرفتار - کرناٹکا میں یوگی ماڈل کی شروعات - ملزمین کی جائدادیں ہونگی ضبط

Thu, 11 Aug 2022 11:45:58    S.O. News Service

منگلورو،11؍ اگست (ایس او نیوز) ایسا لگتا ہے کہ اب کرناٹکا میں بی جے پی حکومت بھی یو پی کا یوگی ماڈل اپنانے اور عدالتی فیصلوں کا انتظار کیے بغیر ہی ملزمین کی جائدادیں منہدم کرنے یا ضبط  کرنے کی راہ پر چل پڑی ہے ۔ کیونکہ بی جے پی یووا مورچہ لیڈر پروین کمار قتل کیس کے ملزمین کے سلسلے میں پتہ چلا ہے کہ پولیس ان کی جائدادیں ضبط کرنے والی ہے ۔
    
 اے ڈی جی پی آلوک کمار نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ میں ملوث ملزمین کی جائدادیں قرق کرنے کے لئے پولیس اور این آئی اے کی طرف سے  ضروری کارروائیاں شروع ہوچکی ہیں ۔ 
    
اس دوران ملی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پروین قتل کے تین کلیدی ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے جن کی شناخت شہاب ، بشیر اور ریاض ہے ۔ ان میں سے دو سولیا اور ایک پتور کا رہنے والا ہے ۔ ان تینوں ملزمین کو سولیا سے پتور لایا جا رہا ہے ۔ اس تازہ گرفتاری کے ساتھ اس کیس میں گرفتار ملزمین کی تعداد 10 ہوگئی ہے ۔
    
خیال رہے کہ کل اے ڈی جی پی آلوک موہن نے کہا تھا کہ :" پروین قتل کے کلیدی ملزمین گرفتار کرنا باقی ہے ۔ قاتلوں کے سلسلے میں ہمیں مکمل معلومات مل چکی ہیں ۔ ان کے فوٹو، ان کے اہل خانہ سے متعلقہ معلومات جیسی تمام تفصیلات ہم حاصل کر چکے ہیں ۔ کلیدی ملزمین کو کچھ لوگ پناہ دے رہے ہیں اور انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر رہے ہیں ۔ ہم مختلف اضلاع میں میٹنگس رکھیں گے ۔ منگلورو کے علاقہ میں امن اور قانون کی برقراری بنائے رکھنا ہمارا پہلا مقصد ہے ۔"
    
آلوک کمار نے بتایا تھا:" جو کوئی بھی اس قتل کے کلیدی ملزمین کو پناہ دینے میں براہ راست یا بالواسطہ پر ملوث رہے گا اس کے خلاف بھی این آئی اے کے ساتھ تال میل بناتے ہوئے قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ عدالت سے ملزمین کے خلاف وارنٹس جاری کرنے کرنے کی کارروائی بھی ہو رہی ہے ۔ 
    
اس کیس میں پاپولر فرنٹ کے ملوث ہونے کے تعلق سے پوچھنے پر آلوک کمار نے بتایا تھا کہ چند ملزمین کا تعلق پی ایف آئی سے ہے ۔ اس بارے میں تحقیقات ہو رہی ہے ۔ جلد ہی پاپولر فرنٹ کے ساتھ تعلق رکھنے والے ملزمین کی تفصیلات جاری کی جائیں گی ۔ 
    
یاد رہے کہ اب پروین کمار قتل کی تحقیقات اس زاویہ سے ہو رہی ہیں کہ یہ قتل 'حلال گوشت' کے خلاف پروین کی طرف سے چلائی جا رہی مہم کا شاخسانہ ہے ۔ 


Share: